ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تنگ ذہنیت مسلط کرنے کے لیے اپنی پارلیمانی اکثریت کا غلط استعمال کر رہی ہے سرکار

تنگ ذہنیت مسلط کرنے کے لیے اپنی پارلیمانی اکثریت کا غلط استعمال کر رہی ہے سرکار

Wed, 20 Jul 2016 21:27:44    S.O. News Service

سونیا گاندھی نے مودی پر معاشرے کے پولرائزیشن کا الزام لگایا

نئی دہلی، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )نریندر مودی حکومت پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج الزام لگایا کہ وہ اداروں کو غیر مستحکم کر رہی ہے، معاشرے کا پولرائزیشن کر رہی ہے اور لوگوں پر اپنی تنگ ذہنیت مسلط کرنے کے لیے اپنی پارلیمانی اکثریت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔پارلیمنٹ میں جاری مانسون اجلاس میں کانگریس کی پہلی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر دروغ گوئی اور’ مارکیٹنگ سلوگن ‘کا الزام لگایا۔انہوں نے گجرات میں دلت کمیونٹی کے خلاف مظالم کے واقعہ کی طرف اشارہ کیا جس میں ریاست میں چار دلتوں کی عوامی طور پرپٹائی اور ان کے بے عزتی کی گئی تھی اور یہ کہ مودی حکومت دلتوں اور قبائلیوں سے ان کے حقوق چھین رہی ہے۔گجرات کے اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ تو محض ایک مثال ہے کہ یہ حکومت کس طرح سماجی دہشت گردی کو ہوا دے رہی ہے۔سونیا نے کہاکہ گزشتہ چند مہینوں کے دروان ہم نے دیکھا ہے کہ اداروں کو غیر مستحکم کرنے اور معاشرے کا پولرائزیشن کرنے کی مودی حکومت کی منصوبہ بندی کس طرح آئینی اقدار کو نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مودی حکومت ہمارے لوگوں پر اپنی ذہنیت مسلط کرنے کے لیے اپنی پارلیمانی اکثریت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ حکومت یہ بھول گئی ہے کہ پارلیمانی اکثریت کبھی بھی آئین اور اس کے اصولوں پر عمل کرنے سے روکنے کی وجہ نہیں بن سکتی ہے۔گاندھی نے کشمیر کے حالیہ حالات کا ذکر بھی کیا جہاں برہان وانی کی موت کے بعد گزشتہ 11؍دنوں سے تشویشناک صورت حال بنی ہوئی ہے ۔یہاں ہوئی جھڑپوں میں اب تک40سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔؂
 


Share: